وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے جمعہ کے روز اپنے بیان میں صوبے میں اسکولوں کی بندش سے متعلق افواہوں کو "بے بنیاد” قرار دیا ہے جبکہ ان افواہوں کی وجہ حکام کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ شہریوں کو حکومت کے جاری کردہ کورونا وائرس حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنا چاہئے۔ ہم نے ابھی فی الحال مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔ امید ہے کہ لوگ حکومت کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر مجبور نہیں کریں گے۔
یہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اس وقت لگائے گئے جب کریک وسٹا اپارٹمنٹس بلاک اے ، فیز VIII ، ڈی ایچ اے ، عسکری III ، سول لائنز ، صدر اور منگھو پیر سمیت دہگر علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے ہوا
تفصیلات کے مطابق سندھ میں بتدریج کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ، صوبے میں مجموعی طور پر 137،467 کورونا وائرس کے کیسز، 2،500 سے زیادہ اموات اور 130،000 سے زائد لوگ صحتیاب ہوئے ہیں۔
دریں اثنا ، وزیر تعلیم نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آتشزدگی کے معاملے میں اعلان کردہ فیصلے کے خلاف حکومت اپیل دائر کر رہی ہے کیونکہ اس معاملے میں کچھ لوگوں پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم سندھ کے لوگوں سے اتنے لاتعلق ہیں کہ وہ ان کی حالت کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے کے لئے ایک بار بھی نہیں آئے ہیں۔