ایران نے سعودی عرب کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ تہران نے ایک دہشت گرد سیل کی تربیت کی اور اسے ریاض بھیج دیا۔
سعودی عرب کی جانب سے سوموار کے روز کہا گیا کہ اس نے رواں ماہ کے شروع میں 10 افراد کو گرفتار کیا ہے اور ایک دہشت گرد سیل سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا جس نے ایران کے اشرافیہ انقلابی گارڈز سے تربیت حاصل کی تھی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی حکمرانوں کے بار بار اور بیکار الزامات ریاض کے لئے اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کا زریعہ نہیں ہیں اور ہماری گزارش ہے کہ سعودی عرب بیکار الزامات کی بجائے دیانت اور دانشمندی کا راستہ چنے۔
یاد رہے کہ ایران اور اس کا مرکزی علاقائی مخالف سعودی عرب مشرق وسطی سے شام سے یمن تک پراکسی جنگوں میں ملوث رہا ہے۔
امریکہ اور سعودی عرب نے ایران پر گذشتہ کئی سالوں میں خلیجی ممالک میں تیل کے مفادات کے خلاف ہونے والے کئی حملوں کا الزام عائد کیا ہے جبکہ تہران نے ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی ہے۔