آ گیا وہ شاہکار جس کا تھا انتظار، وزیر اعظم عمران خان پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 13 اگست کو کریں گے۔ زرائع کے مطابق بی آر ٹی منصوبے کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔
زرائع کے مطابق پشاور بی آر ٹی منصوبے کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان بھی ہوں گے۔
یاد رہے کہ بی آر ٹی پشاور کا منصوبہ تحریک انصاف کے پچھلے دور حکومت میں سابق وزیر اعلی پرویز خٹک کی جانب سے شروع کیا گیا تھا جو کئی ممکنہ تاریخوں میں بھی پورا نا ہو سکا اور ناقدین کی تنقید کا خوب نشانہ بنا تاہم آخرکار اس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور وزیر اعظم اپنے ہاتھوں سے اس کا افتتاح کریں گے۔
پشاور بی آر ٹی کا یہ منصوبہ تحریک انصاف کی سابقہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کی جانب سے 2017 میں شروع کیا گیا تھا جبکہ دعوی کیا گیا تھا کہ اسے 6 ماہ میں مکمل کر دیا جائے گا نیز اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا تھا جو کہ 71 ارب روپے سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے 5 دسمبر 2019 کو پشاور بی آر ٹی منصوبے پر ریمارکس دئیے گئے تھے کہ یہ منصوبہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے بغیر کسی منصوبہ بندی اور وژن کے شروع ہوا جس کا خمیازہ اب بھگتنا پڑ رہا ہے۔
یہاں یہ بات بھی انتہائی دلچسپ ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کے لئے اب تک 9 بار افتتاحی تقریب کی تاریخ دی جا چکی ہے لیکن افتتاح نہیں ہو سکا تاہم اب نئی تاریخ کے مطابق کل 13 اگست کو وزیر اعظم اس کا افتتاح کریں گے۔
جون 2020 میں بھی وزیر اعظم کی جانب سے پشاور بی آر ٹی کا افتتاح کیا جانا تھا تاہم کورونا وائرس کے باعث تب بھی اس کا افتتاح نا ہو سکا۔
تاہم 13 اگست 2020 یعنی کل بروز بدھ پشاور بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیا جائے گا۔