پاکستانی حکومت کی جانب سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ تفریحی مقامات سینما گھر، تھیٹر، بازار، مارکیٹس سمیت سکول کھولنے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔
حکام بالا کی جانب سے ہر شعبہ سے متعلق ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے ستمبر میں کھولنے کا ارادہ ہے، تمام سکول 15 ستمبر کو کھلیں گے تاہم اس حوالے سے آخری اجلاس 7 ستمبر کو بلایا جائے گا جو سکول کھلنے سے متعلق ختمی فیصلہ کرے گا اور اس وقت کے لحاظ سے کورونا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اسکولز کے ساتھ ساتھ شادی ہال بھی 15 ستمبر سے ہی کھلیں گے۔
ملک بھر میں مختلف شعبوں پر عائد پابندیاں اٹھانے کا یہ فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ سیکورٹی سینٹر کے اجلاس میں کیا گیا جس کے بعد وفاقی کابینہ کی جانب سے بھی فیصلوں کی حمایت کی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کسی بھی شعبے والوں کی ایس او پیز سے خلاف ورزی کی صورت میں یہ پابندیاں دوبارہ لگائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس پر عائد پابندیاں 10 اگست سے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا یے جبکہ ہوٹل کے اندر بھی بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہو گی۔ مزید بتایا کہ 8 اگست سے سیاحتی مقامات والے ہوٹلز بھی کھول دئیے جائیں گے اور سیاحت پر عائد پابندیاں بھی ہٹا لی جائیں گی۔
ملک بھر میں سینما گھر اور تھیٹر سمیت پارکس وغیرہ دس اگست سے کھول دئیے جائیں گے۔ جبکہ دس اگست سے ہی کھیل کی تمام سرگرمیوں سمیت جمز سے بھی پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح دس اگست سے لوکل ٹریفک پر مشتمل بسوں وغیرہ کو بھی مکمل پہلے کی طرح چلانے کی اجازت ہو گی۔
مزید برآں یہ کہ 10 اگست سے مزارات اور زیارت والی تمام جگہیں بھی کھول دی جائیں گی تاہم کسی بڑے عرس کی صورت میں مقامی انتظامیہ سے اجازت لینا ہو گی۔
وفاقی وزیر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ 14 اگست کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر رہے ہیں جس کے مطابق جشن آزادی کے ہروگرام ہوں گے۔