پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک عظیم کھلاڑی بابر اعظم نے ایک منفرد ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر بابر اعظم وہ ساتویں پاکستانی ہیں جنہوں نے مسلسل 5 ٹیسٹ سیریز میں نصف سنچری کی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے کم از کم پچاس سکور بنایا ہے۔
پاکستانی کرکٹ میں نئے ابھرنے والے اسٹار بابر اعظم محدود اوورز والے کرکٹ میچز میں تو اچھا پرفارم کرتے ہی ہیں مگر ٹیسٹ میچز میں بھی وہ اپنا لوہا منوانے لگے ہیں۔
زرائع کے مطابق مانچسٹر میں انگلینڈ کے ساتھ شروع ہونے والے ٹیسٹ سیریز کی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی جانب سے مشکل وقت میں بیٹنگ لائن کو سنِبھالا گیا۔ بابر اعظم کے آنے سے پہلے عابد علی اور کپتان اظہر علی دونوں 43 کے سکور تک آؤٹ ہو کر پویلین جا چکے تھے جبکہ جب بابر اعظم آئے تو انہوں نے ایک باوقار اور پرسکون انداز میں کھیلنا شروع کیا اور زبردست انداز میں انگلش بولرز کا مقابلہ کیا نیز نصف سنچری بھی بنا ڈالی۔
یہ بابر اعظم کی مسلسل پانچویں ٹیسٹ اننگز تھی کہ جس میں انہوں نے کم از کم 50 سکور بنایا اور مسلسل 5 اننگز میں نصف سنچری کر کے ساتویں پاکستانی کے طور پر یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم سے قبل یہ اعزاز ظہیر عباس، مصباح الحق، انضمام الحق محمد یوسف، سعید انور اور سرفراز احمد بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
بابر اعظم کی ان مسلسل کم سے کم 5 نصف سنچریز میں سے تین مکمل سنچریاں ہیں جبکہ دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔