سابق کرکٹ کپتان شاہد آفریدی خان نے کہا ہے کہ ان کا فی الوقت الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہ جواب اس وقت سامنے آیا جب شاہد آفریدی خان کی حالیہ سرگرمیا دیکھ کر یہ خدشہ ظاہر کیا جانے لگا کہ شاید شاہد آفریدی بھی یہ سب کچھ سیاست کی خاطر کر رہے ہیں لہذا جلد یہ سیاست میں حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے شاہد آفریدی نے الیکشن میں حصہ نا لینے کے ارادہ کو ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایک اسکول کے دورے پر گئے تو وہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے منصوبے کاغذوں پہ تو ہوتے ہیں لیکن زمین پر نہیں ہوتے۔ ہمارے ہاں ابھی صحت، تعلیم اور پینے کا صاف پانی یہ بنیادی مسائل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے ضلع خیبر کی وادی تیرہ کا دورہ کیا گیا تھا جبکہ وہاں کی عوام بہت زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔ شاہد آفریدی کی جانب سے ایک بار وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اور ان کی کابینہ پر تنقیدی جملے برسائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ایسی ٹیم ہونی چاہیے جو مسائل کو ڈھونڈ کر حل کر سکے۔
اس سے پہلے شاہد آفریدی کی جانب سے حیات آباد کے اسکول میں سابق کپتان کی جانب سے بچوں سے ملاقات کی گئی اور وہ ان میں گھل مل سے گئے۔ اپنے اسکول میں شاہد آفریدی کو دیکھ کر بچوں میں خوشی کے جذبات نمایاں طور پر دکھائی دے رہے تھے۔
بچوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی خان نے کہا کہ محنت اور لگن سے کام کریں، ہمیشہ اپنی سوچ کو بڑا رکھیں، کبھی بھی شارٹ کٹ مت ڈھونڈیں اور اساتذہ کا ادب لازمی کریں۔
اس موقع پر سابق کرکٹ کپتان شاہد آفریدی خان کی طرف سے بچوں کو آٹو گراف بھی دئیے گئے جبکہ کپتان نے بچوں کے ساتھ تصویریں بھی بنائیں۔