اپریل 28 2020: (جنرل رپورٹر) حکومتی سطح پر بڑی تبدیلیاں واقع ہو گئیں- فردوس آپا چلی گئیں- شبلی فراز وزیر اطلاعات اور جنرل (ر) عاصم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر ہو گئے
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے عہدہ لے لیا گیا جبکہ سینیٹر شبلی فراز وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کر دئیے گئے ہیں- عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے مجھے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے جعلی خبروں اور فیک ٹویٹ سکرین شارٹس کی تردید کرتی ہوں- ساتھ ہی ساتھ فردوس عاشق اعوان نے نئے وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کو نئے عہدے کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے میں وزیر اعظم عمران خان کا اپنے اوپر اعتماد کا شکریہ ادا کرتی ہوں- ایک سال اپنی استعداد کے مطابق فرائض نبھانے کی کوشش کی- کپتان کی مرضی ہے جسے چاہے بیٹنگ پر کھلائے جسے چاہے فیلڈ پوزیشن پر کھیلنے کی اجازت دے- میں وزیر اعظم کے فیصلوں کا احترام کرتی ہوں
میڈیا پر چلنے والی خبروں متعلق کہا کہ میڈیا پر چلنے والی بےبنیاد خبروں اور من گھڑت باتوں کی سختی سے تردید کرتی ہوں- ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک سیاسی کارکن ہوں- میرا مشن عوام کی فلاح اور ملک کی ترقی ہے جو وزیر اعظم کی قیادت میں جاری رہے گا
دوسری جانب عوامی حلقوں میں جنرل ریٹائرڈ عاصم باجوہ کو معاون خصوصی لگانے پر تنقیدی بحث جاری ہے- بعض کا خیال ہے کہ ملک کے اہم عہدوں پر ریٹارڈ جنرل کا آنا گویا کہ فوج کی سیاسی مداخلت ہے- تاہم وزیر اعظم کے کارکنان کی جانب سے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے- خود پی ٹی آئی کارکنان بھی فردوس عاشق اعوان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے