مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے کسی حصے میں ماہِ ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا۔ اس کے مطابق عید میلادالنبی ﷺ پاکستان بھر میں ہفتہ، 6 ستمبر 2025 کو منائی جائے گی۔
ربیع الاول اسلام کا تیسرا مہینہ ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اسی مہینے میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی تھی۔ اس سال کی خوشی اس لیے اور بھی بڑھ گئی ہے کہ امتِ مسلمہ حضور نبی کریم ﷺ کی پندرہ سوویں (1500 ویں) ولادت باسعادت منانے جا رہی ہے جو تاریخِ اسلام کا ایک غیر معمولی اور روح پرور موقع ہے۔
سینیٹ میں بھی نبی کریم ﷺ کے 1500ویں یوم ولادت کی تقریبات کے حوالے سے قرارداد منظور
— Muhammad Abu Bakar (@MAB_Sultan) August 15, 2025
الحمدللہ عزوجل pic.twitter.com/CICFmoRkDf
یہ اعلان کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے محکمہ موسمیات کے دفتر میں نمازِ عصر کے بعد اجلاس کی صدارت کے بعد کیا۔ اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں نے بھی عدم رویتِ ہلال کی تصدیق کی۔
اس سے قبل خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے پیشگوئی کی تھی کہ ربیع الاول کا چاند 23 اگست کو صبح 11 بج کر 6 منٹ پر پیدا ہوگا اور 24 اگست کی شام تک اس کی عمر 32 گھنٹے اور 13 منٹ ہوگی جو عموماً رویت کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہ کے درمیان 45 منٹ کا فرق ہوگا جس سے چاند نظر آنے کے امکانات تھے تاہم کسی مقام سے شہادت موصول نہ ہونے پر مرکزی کمیٹی نے حتمی اعلان کر دیا۔اس اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ 2025 کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ یہ دن عاشقانِ رسول ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں گے۔ جلوس، محافل، درود و سلام کی محافل اور سیرت النبی ﷺ پر کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ مساجد، گلیاں اور بازار چراغاں سے جگمگا اٹھیں گے۔ اس سال کی تقاریب کو دنیا بھر کے مسلمان مزید عظیم الشان انداز میں منائیں گے کیونکہ یہ نبی آخر الزمان ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر منعقد ہو رہا ہے۔