یونان میں گزشتہ ہفتے پیش آنے والے کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ یہ تصدیق پاکستانی دفتر خارجہ نے پیر کے روز کی۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق ہفتے کے روز یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب ایک لکڑی کی کشتی الٹنے سے کم از کم پانچ تارکین وطن ڈوب گئے۔ حادثے کے عینی شاہدین کے مطابق کشتی میں کئی پاکستانی سوار تھے اور کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
اس کے علاوہ دو دیگر واقعات میں، مالٹا کے جھنڈے والے ایک کارگو جہاز نے گاوڈوس کے ساحل سے تقریباً 40 ناٹیکل میل دور ایک کشتی سے 47 تارکین وطن کو بچایا، جبکہ ایک ٹینکر نے یونان کے جنوب میں موجود چھوٹے جزیرے کے قریب سے مزید 88 افراد کو ریسکیو کیا۔
دفتر خارجہ نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ حادثے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 47 پاکستانیوں کو زندہ بچا لیا گیا۔ تاہم، آج جاری کردہ ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا:
“ہم انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ یونانی حکام کی جانب سے فراہم کردہ تازہ ترین معلومات کے مطابق، کریٹ جزیرے کے جنوب میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں چار پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ یونان میں پاکستانی مشن متاثرین کے اہل خانہ کی مدد کے لیے یونانی حکام سے رابطے میں ہے اور لاشوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یونان، 2015-2016 کے دوران مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے لیے یورپی یونین جانے کا ایک مرکزی راستہ رہا ہے۔ اس عرصے میں تقریباً 10 لاکھ افراد، زیادہ تر ربڑ کی کشتیوں کے ذریعے یونانی جزیروں پر پہنچے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران کریٹ اور اس کے قریبی جزیرے گاوڈوس کے ساحلوں پر کشتیوں کے حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ علاقے مرکزی بحیرہ روم میں نسبتاً دور افتادہ سمجھے جاتے ہیں۔
ماضی کے مہلک حادثات
جون 2024 میں، یونان کے ساحلی قصبے پیلوس کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں ایک گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی کشتی ڈوب گئی، جس میں سیکڑوں تارکین وطن ہلاک ہوئے تھے۔ یہ بحیرہ روم کی تاریخ کے مہلک ترین حادثات میں سے ایک تھا اور کشتی میں کم از کم 209 پاکستانی سوار تھے۔
اسی سال اپریل میں، لیبیا کے مغربی ساحلوں کے قریب دو کشتیوں کے ڈوبنے سے درجنوں افراد جاں بحق ہوئے جن میں پاکستانی بھی شامل تھے۔
فروری 2024 میں، اطالوی ساحل کے قریب ایک لکڑی کی کشتی چٹانوں سے ٹکرا گئی، جس میں 59 افراد ہلاک ہوئے اور ان میں بھی پاکستانی شہری موجود تھے۔