حکومت نے علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شاعر مشرق، فلسفی، اور تحریک پاکستان کے رہنما علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
یومِ اقبال کا تاریخی پس منظر
ہر سال پاکستان میں 9 نومبر کو “یومِ اقبال” منایا جاتا ہے تاکہ علامہ اقبال کی خدمات اور ان کی شاعری کے ذریعے دی گئی حوصلہ افزائی کو یاد کیا جا سکے، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے کا پیغام دیا۔ علامہ اقبال 1877 میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1930 کی تاریخی خطبہ الہ آباد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا نظریہ پیش کیا تھا ۔
یوم اقبال کی سرکاری تعطیل کا نوٹیفکیشن اور تقریبات
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور اقبال کی شاعری پر مبنی محافل کا انعقاد ہوگا۔ لاہور میں اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی ۔
علامہ اقبال کی خدمات اور نظریات
علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے نوجوان نسل کو بیدار کیا اور اسلامی دنیا کو ایک نیا پیغام دیا۔ انہیں “شاعر مشرق” کے لقب سے بھی جانا جاتا ہے اور ان کے خیالات نے مسلمانوں کو اپنے علیحدہ تشخص اور آزادی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ترغیب دی۔ ان کا فلسفہ آج بھی نوجوان نسل کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہے ۔