پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کے جوبلی روم میں منعقدہ ایک تقریب میں اسٹار آف پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیاہے۔ یہ اعزاز رکنِ پارلیمنٹ افضل خان اور دیگر معزز شخصیات نے ان کی شاندار فنی خدمات، غیرمعمولی اداکاری اور شوبز انڈسٹری میں نمایاں کردار ادا کرنے پر پیش کیا۔
یہ تقریب لیبر پارٹی کے ایم پی افضل خان کی میزبانی میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نسیم سمیت برطانوی پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ایوارڈ پیش کرتے ہوئے افضل خان نے ہانیہ عامر کی تعریف کی اور انہیں فن اور ثقافت میں ان کی نمایاں موجودگی کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہانیہ نہ صرف اپنی صلاحیت بلکہ عاجزی اور خوبصورت انداز کی وجہ سے بھی داد و تحسین کی مستحق ہیں۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ہانیہ عامر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:
"یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ ہمیں پاکستان کا نام فخر سے بلند کرنا چاہیے اور اپنے پلیٹ فارمز کو ملک کی مثبت تصویر اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ ایک مضبوط اور متحد کمیونٹی کے طور پر جڑے رہنا بے حد ضروری ہے۔”
ہانیہ عامر سے جب بالی ووڈ میں ممکنہ کام اور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ کسی پراجیکٹ پر سوال کیا گیا تو انہوں نے خاموشی اختیار کرلی اور اس حوالے سے کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔
گزشتہ سال اکتوبر میں دلجیت دوسانجھ نے لندن میں اپنے کنسرٹ کے دوران ہانیہ کو اسٹیج پر بلایا اور ان کے لیے اپنا مشہور گانا "Lover” گایا۔ یہ لمحہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا اور پاکستانی اور بھارتی مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔اس حوالے سے ہانیہ نے کہا:
"فن، فن ہوتا ہے۔ سیاسی یا کسی بھی قسم کے اختلافات کو انسانیت اور تخلیقی اظہار کے درمیان نہیں آنا چاہیے۔”
تقریب میں ماریہ سورایا نے ہانیہ عامر کو بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی منفرد اداکارہ کے طور پر متعارف کرایا۔ انہوں نے ہانیہ کو ثقافتی سفیر قرار دیتے ہوئے کہا:
"ہانیہ عامر نے پاکستان میں اداکاری اور فیشن کی دنیا کو ایک نیا رنگ دیا ہے۔ ان کا باوقار انداز اور خوداعتمادی انہیں اس اعزاز کا مستحق بناتی ہے۔”
ہانیہ عامر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ برطانیہ میں اتنا وقت گزار چکی ہیں کہ شاید لندن مستقل منتقل ہونے کا سوچیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ جلد عید منانے کے لیے پاکستان واپس جا رہی ہیں اکہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔