پنجاب–
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (پی ایم اے) نے اگست 2021 کے آخر تک لاہور میٹرو بس سسٹم میں 64 نئی بسیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا معاہدہ ہو چکا ہے۔
ترجمان پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق لاہور میٹرو بس ڈپو میں 16 نئی بسیں پہنچی ہیں جبکہ 48 مزید بسیں 15 اگست تک پہنچیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی نقل و حمل کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ مسافروں کو بہترین طریقے سے سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں | میڈیکل آکسیجن کی کمی کیوں ہو رہی ہے اور یہ کیسے بنتی ہے؟
حکومتی زرائع کا دعوی ہے کہ یہ معاہدہ شہباز شریف دور کے معاہدے سے سستا ہوا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی حسن خاور نے 2013 میں شہبازشریف اور 2021 میں عثمان بزدار کے معاہدوں کا موازنہ کیا ہے۔
حسن خاور کے مطابق 8 سال قبل 2013 میں شہباز شریف کے معاہدہ میں 64 بسیں تھی جس کی ویلیو 12.9ارب روپے تھی جبکہ اگر آج کی مہنگائی کو مدنظر رکھیں تو اس کی ویلیو 26 ارب روپے بنتی ہے۔
حسن خاور نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ہم نے 2021 میں 64 بسوں کا معاہدہ کیا ہے جس کی ویلیو 10.8ارب روپے ہے جبکہ شہبازشریف دور کے معاہدے کے مقابلے میں 2.1 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔