مشہور ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے انسان ڈاکٹر سے دور رہتا ہے۔ مگر کیا غذائیات کی سائنس اس قول کی تصدیق کرتی ہے؟ ماہرین غذائیات کے مطابق سیب میں فائبر، وٹامن سی، اور میگنیشم وافر مقدار میں ملتے ہیں۔ یہ پھل نمک، چکنائی اور کولیسٹرول سے پاک ہوتا ہے۔ سیب کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں مختلف "حیاتی متحرک مادے” (bioactive substances) پائے جاتے ہیں۔
حیاتی متحرک مادے قدرتی مادے ہوتے ہیں جو کئی غذاؤں میں تھوڑی مقدار میں ملتے ہیں، لیکن صحت پر اہم اثرات رکھتے ہیں۔ سیب میں یہ مادے کافی مقدار میں ملتے ہیں، اس لیے ماہرین غذائیات نے اسے "فنکشنل غذاؤں” (functional food) میں شامل کیا ہے۔ فنکشنل غذائیں وہ ہوتی ہیں جن میں وٹامنز اور معدنیات کے علاوہ حیاتی متحرک مادے بھی پائے جاتے ہیں، جو انہیں عام غذاؤں سے زیادہ مفید بناتے ہیں۔ یاد رہے، ماہرین کے نزدیک "سپر فوڈ” کی اصطلاح بے معنی ہے کیونکہ کوئی بھی قدرتی غذا تمام ضروری غذائی عناصر فراہم نہیں کرتی۔
ہر حیاتی متحرک مادہ اپنے مخصوص کام کرتا ہے اور انسان کو مختلف بیماریوں جیسے کینسر، امراض قلب اور ذیابیطس قسم اول سے محفوظ رکھتا ہے۔ سیب میں "پیکٹن” (Pectin) نامی حیاتی متحرک مادہ پایا جاتا ہے، جو فائبر کی قسم ہے۔ یہ مادہ شکر اور چکنائی کی مقدار کم کر کے انسان کو امراض قلب اور ذیابیطس سے بچاتا ہے۔ سیب کا فائبر قبض کو بھی روکتا ہے، جو ام المراض کہلاتی ہے۔
سیب میں پولی فینول (polyphenols) بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جو مختلف بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ یہ سیب کے چھلکے میں موجود ہوتے ہیں، اس لیے رس یا جوس میں کم ملتے ہیں۔ پولی فینول امراض قلب میں مفید ہیں اور الزائمر کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔ سیب میں فلورڈزین (phloridzin) بھی پایا جاتا ہے، جو خون میں شکر کی مقدار کم کرتا ہے۔
ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ روزانہ دو سیب کھانے سے زیادہ فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ سائنسی تحقیق سے سیب کے درج ذیل فوائد دریافت ہو چکے ہیں:
جسمانی وزن میں کمی
سیب فائبر اور پانی سے بھرپور ہوتا ہے، جو پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرا رکھتا ہے۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے سے قبل سیب کھانے والے افراد اوسطاً 200 کم کیلوریز استعمال کرتے ہیں۔
دل کی حفاظت
پولی فینول بلڈپریشر، نقصان دہ کولیسٹرول اور تکسیدی تناؤ میں کمی لاکر امراض قلب کی روک تھام میں مدد دیتے ہیں۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ ایک سیب کھانے کا اثر ان ادویات جیسا ہوتا ہے جو کولیسٹرول کی سطح کم کرتی ہیں۔
کینسر سے تحفظ
سیب میں موجود حیاتی متحرک مادے "اینٹی آکسیڈینٹ” کا کام کرتے ہیں اور انسانی جسم میں "آزاد اصلیوں” (free radicals) کو بننے نہیں دیتے، جو کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔
دمہ سے بچاؤ
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ جو خواتین زیادہ سیب کھاتی ہیں، ان میں دمہ کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ روزانہ ایک بڑا سیب کھانے سے دمہ کا خطرہ 10 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
ہڈیاں مضبوط بنانا
سیب میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ اور ورم کش مرکب ہڈیوں کی کثافت اور مضبوطی بہتر کرتے ہیں۔
دماغ کے لیے مفید
سیب کا رس عمر بڑھنے سے جنم لینے والی دماغی تنزلی کی روک تھام کرتا ہے اور دماغی نیورو ٹرانسمیٹر ایسی ٹائل کولین (Acetylcholine) کو تحفظ فراہم کرتا ہے، جو الزائمر کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
معدے کے جراثیم کو فائدہ
سیب کھانے سے نظام ہاضمہ کے مفید جراثیم کی تعداد بڑھ جاتی ہے، جو ہاضمے کی مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
دانتوں کی صحت
سیب کھانے سے منہ میں مضر جراثیم کی حساسیت کم ہو جاتی ہے، جو دانتوں کی سفیدی کو برقرار رکھتی ہے اور منہ کی بدبو کو ختم کرتی ہے۔
یہ سب فوائد ظاہر کرتے ہیں کہ روزانہ ایک سیب کھانا واقعی صحت کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔