بقرہ عید آتے ہی حکومت کی جانب سے مختلف ایس او پیز کا اعلان ہونے لگا ہے۔ علماء کرام کی جانب سے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے اور اجتماعی قربانی کرنے سے متعلق کہا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمن صاحب نے کہا ہے کہ عوام کو چاہیے کہ اس سال اجتماعی قربانی کو ترجیح دیں اور مویشی منڈیاں بھی آبادی سے دور لگائی جانی چاہییں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن صاحب نے اتحاد تنظیمات اہلسنت پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ حکومت کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ بکرا منڈیوں میں جراثیم کش اسپرے کے استعمال کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے اجازت نامے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جن تنظیموں کو پچھلے سال کھالیں جمع کرنے کا اجازت نامہ دیا گیا تھا ان کے لئے اس سال بھی وہ اجازت نامہ کافی ہو گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اجتماعی قربانی کو ترجیح دینی چاہیے اور مویشی منڈیاں عوام سے دور مقامات پہ لگائی جائیں۔
دوسری جانب صدر مملکت صدر علوی کہتے ہیں کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے سماجی فاصلہ رکھیں اور عید الاضحی کے موقع پر اجتماعی قربانی کو فوقیت دی جائے۔
مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ عید الاضحی پر جن افراد پر قربانی واجب ہیں جو صاحب نصاب ہیں وہ قربانی ہی دیں گے اس کے علاوہ کوئی صدقہ قربانی کے بدلے قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر مزید صدر عارف علوی کا کہنا تھا ہم اس موقع پر تمام علماء اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس متعلق میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور مویشی منڈیوں میں عوام کو جانے سے متعلق آگاہی دینی چاہیے تا کہ ہم کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کر سکیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں وزیر اطلاعات ناصر شاہ کی جانب سے کورونا معاملات کے پیش نظر مویشی منڈیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔