مشہور اطالوی آرٹسٹ ماریزیو کیٹیلن کے فن پارے “کامیڈین” میں ایک کیلا، جو دیوار پر ڈکٹ ٹیپ سے چسپاں کیا گیا تھا جو حال ہی میں نیویارک میں ایک نیلامی میں 6.2 ملین ڈالر میں فروخت ہوا۔ اس منفرد آرٹ ورک کے خریدار معروف کرپٹو انٹرپرینیور جسٹن سن ہیں، جنہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس قیمتی کیلے کو کھائیں گے۔
یہ نیلامی سوتبیز نیویارک میں منعقد ہوئی جہاں اس کی شروعات 8 لاکھ ڈالر سے ہوئی۔ بولی کے دوران قیمت تیزی سے بڑھ کر 6.24 ملین ڈالر تک پہنچ گئی، جو نیلام گھر کی ابتدائی توقعات سے چھ گنا زیادہ تھی۔ اس آرٹ ورک کے ساتھ ایک مستند سرٹیفیکیٹ اور ہدایات شامل تھیں کہ کیلے کے گلنے پر اسے کیسے تبدیل کیا جائے۔
جسٹن سن، جو کرپٹو کمیونٹی میں معروف ہیں، نے کہا ہے کہ یہ آرٹ ورک نہ صرف ایک منفرد فن ہے بلکہ ایک ثقافتی مظہر بھی ہے جو آرٹ، میمز، اور کرپٹو دنیا کو جوڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیلے کو کھانا بھی ایک آرٹسٹک تجربے کا حصہ ہوگا جو آرٹ کی تاریخ میں اپنی جگہ بنائے گا۔
یہ آرٹ ورک 2019 میں میامی آرٹ باسل میں پہلی بار پیش کیا گیا تھا جہاں یہ مزاحیہ واقعات کا باعث بنا۔ اس نے دنیا بھر میں آرٹ کے میدان میں نئی بحثوں کو جنم دیا اور ثابت کیا کہ غیر روایتی فن بھی بے حد قیمتی ہو سکتا ہے۔