فٹبال کے عالمی ستارے کرسٹیانو رونالڈو کے سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔ رونالڈو دنیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے ہیں جنہوں نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اتنی بڑی تعداد میں فالوورز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
اس وقت رونالڈو کے انسٹاگرام پر 639 ملین، فیس بک پر 170 ملین، ایکس ( ٹویٹر) پر 113 ملین، اور یوٹیوب پر 60 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔ یوٹیوب چینل بھی انہوں نے حال ہی میں شروع کیا ہے جس نے لانچ کے پہلے ہی دن 15 ملین سبسکرائبرز حاصل کر لیے تھے۔
رونالڈو نے اس تاریخی موقع پر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تاریخ رقم کی ہے — ایک ارب فالوورز! یہ تعداد ہماری مشترکہ محبت، محنت، اور جذبے کی علامت ہے۔
رونالڈو کی اس کامیابی سے نہ صرف ان کی فٹبال میں عظیم الشان کامیابیاں ظاہر ہوتی ہیں بلکہ وہ سوشل میڈیا پر بھی ایک غیر معمولی حیثیت کے حامل ہیں۔ وہ دنیا کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کھلاڑی ہیں اور ان کی مقبولیت کھیل کے میدان سے لے کر ڈیجیٹل دنیا تک پھیل چکی ہے۔
رونالڈو کا کہنا ہے کہ ابھی بہترین وقت آنے والا ہے اور ہم مزید کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔