لاہور سے کراچی پہنچنے والے خاندان کے 11 افراد میں اومکرون وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
متاثرین میں 3 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں اور ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی پہنچنے والے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کورونا کی نئی قسم اومیکرون کا شکار ہو گئے۔
نجی نیوز کے مطابق کراچی کے ایسٹ ڈسٹرکٹ میں رہائش پذیر 8 خواتین اور 3 مرد سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں اومکرون وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مسافر چند روز قبل لاہور سے کراچی پہنچے تھے۔ ان کی عمریں 26 سے 77 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں اومکرون کیسز کی مجموعی تعداد 44 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | منی بجٹ کے لئے عمران خان کو آبپارہ سے سہولت نہیں ملے گی، روؤف کلاسرا
اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ہی دن میں کورونا کے 12 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 1 فیصد کے قریب پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ روز 482 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 3 افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے جمعرات کو کہا کہ اومیکرون وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کورونا کی ایک نئی لہر آئی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں این سی او سی نے کہا کہ اومیکرون وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔
بتایا گیا کہ اومیکرون کے خلاف واحد دفاع مکمل ویکسینیشن ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عوام جلد از جلد اپنی ویکسینیشن مکمل کرے اور کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دے۔