مئی 13 2020: (جنرل رپورٹر) کراچی میں لاوارث کار سے دو بچوں کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کی اطلاع اہل محلہ نے تعفن اٹھنے پر پولیس کو دی تھی
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع ویسٹ اور اس کے علاقے منگھو پیر میں نیا ناظم آباد کے قریب کئی روز سے بس سٹاپ پر لاوارث کار کھڑی تھی جس کے اندر سے دو کم سن بچوں کی لاش برآمد کر لی گئی ہے- ابتدائی طور پر بچوں کی موت کی وجہ دم گھٹنے سے بتائی جا رہی ہے
علاقہ منگھو پیر تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر گل اعوان کہتے ہیں کہ نیا ناظم آباد کے پاس عمر کالونی کے ایف 11سٹاپ سے دو بچوں کی لاش برآمد ہوئی ہے جو کہ ایک لاوارث کار کے اندر سے ملی ہیں- اہل محلہ کی جانب سے تعفن اٹھنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی
پولیس زرائع کے مطابق کار کے دروازے لاک کئے گئے تھے تاہم شیشے توڑ کر گیٹ کھولا گیا تو دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں- پولیس کے مطابق ایک بچے کی لاش کار کی عقبی سیٹ پر جبکہ دوسرے بچے کی لاش فرنٹ سیٹوں کے درمیان پڑی تھی
پولیس زرائع کا کہنا کہ ملنے والی دونوں بچوں کی لاشوں پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ہے- شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں بچے کھیلتے ہوئے کسی طریقے سے کار میں گھس گئے لیکن دروازے بند ہونے کی وجہ سے باہر نا نکل سکے اور دم گھٹنے سے وفات پا گئے
پولیس زرائع کے مطابق بچوں کے نام دانش زبیر اور عبید سعید تھے جبکہ ایک کی عمر سات سال اور دوسرے کی عمر 4 سال بتائی جا رہی ہے
ابتدائی طور پر یہ کہا جا رہا ہے کہ گاڑی پر گرد و غبار پڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو بچے نظر نا آ سکے جس کے باعث ان کا انتقال ہو گیا- لاوارث پڑی کار پر ایک عرصے سے گرد گم چکی تھی اور دروازوں کے لاک بھی خراب تھے
پولیس کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی ابتدائی کاروائی کے بعد دونوں بچوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے- ضروری عمل کے بعد دونوں بچوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا