کراچی ایکسپریس میں آگ لگنے سے سات افراد جاں بحق
آج جمعرات کو سندھ کے علاقے خیرپور کے قریب کراچی ایکسپریس ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے سے 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
حکام کو کراچی سے لاہور جاتے ہوئے ٹرین کی بزنس کلاس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع آدھی رات کے کچھ دیر بعد ملی۔
ٹرین کو فوری طور پر ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک دیا گیا اور فائر بریگیڈ کو ہنگامی طور پر اطلاع دی گئی۔ آگ بجھانے والی پہلی گاڑیاں 1 بج کر 50 منٹ پر موقع پر پہنچیں اور تقریباً 40 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
آگ نے سات مسافروں کی جان لے لی ہے جبکہ چار دیگر لاپتہ ہیں۔ مسافروں میں سے ایک 70 سالہ رابعہ بی بی جلتی ہوئی کوچ سے چھلانگ لگانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
یہ بھی پڑھیں | آئین کی خاطر مل بیٹھیں، چیف جسٹس عمر بندیال کی حکومت اور پی ٹی آئی سے درخواست
ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور ریلوے کے دیگر افسران ریسکیو کی کوششوں کی نگرانی اور وزارت کو رپورٹ کرنے کے لیے موقع پر موجود تھے۔
واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزارت نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
اس حوالے سے وفاقی حکومت کے انسپکٹر آف ریلوے کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئی ہے اور تحقیقات مکمل ہوتے ہی میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔