بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (BIEK) نے اعلان کیا ہے کہ 2025 کے سالانہ انٹرمیڈیٹ امتحانات جو 28 اپریل سے شروع ہونے والے تھے اب ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ امتحانات اب 5 مئی سے شروع ہوں گے۔
یہ فیصلہ چیئرمین بورڈ کی ہدایت پر دو اہم وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ 2024 میں فرسٹ ایئر (پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور جنرل سائنس گروپس) کے طلباء کو ریاضی، کیمسٹری اور فزکس میں اضافی نمبرز دینے کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ کئی امتحانی مراکز اس وقت میٹرک کے امتحانات کے لیے استعمال ہو رہے ہیں جو 8 اپریل سے شروع ہوئے تھے اور 8 مئی تک جاری رہیں گے۔
طلباء، تعلیمی اداروں اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے شیڈول کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھیں۔ بورڈ نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی نئی اطلاع یا تبدیلی کی صورت میں معلومات ان کی آفیشل ویب سائٹ (www.biek.edu.pk) اور تصدیق شدہ فیس بک اور انسٹاگرام پیجز پر فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے محکمہ یونیورسٹیز و بورڈز نے حال ہی میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ون (پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ) کے 2024 کے امتحانات میں شریک طلباء کو اضافی نمبر دیے جائیں گے۔ اس فیصلے کے تحت کیمسٹری میں 20 فیصد اور فزکس و ریاضی میں 15 فیصد گریس مارکس دیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ 15 اپریل کو ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا گیا تھا۔