پاکستان تین دہائیوں بعد پہلی بار کسی بڑے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، جس کا کرکٹ شائقین بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔
یہ 50 اوورز پر مشتمل آٹھ ملکی ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ایونٹ کے لیے ملک بھر میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
ٹورنامنٹ میں دو گروپس بنائے گئے ہیں، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
افتتاحی میچ کل کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی شاندار واپسی کا آغاز ہو گا۔
براہ راست نشریات اور تجزیے
پاکستان ٹیلی ویژن اسپورٹس ایچ ڈی (PTV Sports HD) چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز براہ راست نشر کرے گا، جبکہ پی ٹی وی ورلڈ پر شائقین کو لائیو رپورٹنگ، خبریں، تجزیے اور تبصرے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان میں کرکٹ کا جنون عروج پر ہے، اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کی کامیاب میزبانی کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔