پرویز الٰہی کی مسلم لیگ ق کی رکنیت ختم
چودھری شجاعت نے پرویز الٰہی کی مسلم لیگ ق کی رکنیت ختم کر دی
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بھائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی کے عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
چوہدری شجاعت نے 16 جنوری کو پرویز الٰہی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی کے صوبائی صدر پارٹی کو کسی اور میں ضم نہیں کر سکتے۔
پرویز الہی کو شوکاز نوٹس بھیجا گیا تھا
شوکاز نوٹس سے ایک دن قبل یرویز الٰہی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی جماعت کو اتحادی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ضم کرنے پر غور کر رہے ہیں جس پر گزشتہ روز عمل درآمد کر دیا گیا۔
.یہ بھی پڑھیں | خواجہ آصف فیض حمید کو پارلیمنٹ میں طلب کریں گے
.یہ بھی پڑھیں | صدر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا
شوکاز نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پرویز الٰہی کو غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت کرنی چاہیے۔ مسلم لیگ (ق) بحیثیت سیاسی جماعت کا اپنا ووٹ بینک، نظم و ضبط، منشور اور ضابطہ ہے۔ پرویز الٰہی کے گزشتہ روز کے بیانات پارٹی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
غیر آئینی اقدام کی وضاحت طلب
شوکاز نوٹس میں پرویز الٰہی سے سات دن میں اپنے غیر آئینی اقدام کی وضاحت طلب کی گئی تھی۔ اور کہا گیا تھا کہ پرویز الٰہی نے وضاحت نہ دی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تاہم پارٹی کی جانب سے آج جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پرویز الٰہی کی جانب سے ان کے اس اقدام پر کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی اس لیے ان کی رکنیت ختم کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے ساتھ لاہور میں زمان پارک کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر اپنی جماعت اور اراکین کو تحریک انصاف میں ضم کر دیا ہے۔