پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اے ٹی ایم اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی بندش کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے جس کے باعث اے ٹی ایم یا ٹیلی کام سروسز متاثر ہوں۔
سوشل میڈیا پر مختلف افواہوں میں کہا گیا تھا کہ کچھ لائسنس یافتہ کمپنیوں کے لائسنس کی مدت ختم ہو جانے کی وجہ سے یہ خدمات متاثر ہو سکتی ہیں، لیکن پی ٹی اے نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ جن کمپنیوں کے لائسنس ختم ہو چکے ہیں، ان کی سروسز معطل نہیں کی گئی ہیں، اور نہ ہی اس طرح کا کوئی اقدام کیا گیا ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی یا مالیاتی سیکٹر کو متاثر کرے۔ اتھارٹی نے عوام کو افواہوں پر دھیان نہ دینے کی ہدایت کی اور زور دیا کہ ٹیلی کام اور اے ٹی ایم سروسز بلاتعطل جاری ہیں۔
یہ افواہیں اس وقت پھیلیں جب کچھ رپورٹس میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے ایل ڈی آئی (لانگ ڈسٹنس انٹرنیشنل) لائسنس کی تجدید روک دی ہے جس کے باعث 50 فیصد موبائل اور 10 فیصد انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے لیکن پی ٹی اے نے ان خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔