پی ٹی آئی نے پاکستان میں دو ایئربیسز امریکا کے حوالے کرنے کی خبروں کے حوالے سے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس متعلق فوری وضاحت کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے پارٹی ترجمان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمراں جماعت نے قوم کو اعتماد میں لیے بغیر مبینہ طور پر ائیر بیسز امریکہ کے حوالے کر کے واضح طور پر جمہوریت کے خلاف قدم اٹھایا ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کو قوم کے سامنے یہ بات رکھنے اور امریکہ کو ایئربیسز کی فراہمی کے حوالے سے درست حقائق واضح کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکہ کو اس نئی سہولت کی فراہمی اور معاہدے کی نوعیت کے پیچھے محرکات کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کی قیمت پر منافع خوری کو قوم قبول نہیں کرے گی اور نہ ہی پی ٹی آئی اس کی تائید کرتی ہے۔ بلکہ پارٹی اس معاملے کو پارلیمنٹ میں بھی اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو سائیڈ لائن کرنے اور انہیں سیاسی طور پر بدنام کرنے کی وجوہات قوم کو پتہ چل رہی ہیں۔
قوم خارجہ امور اور قومی سلامتی سے متعلق حساس معاملات میں قومی مفادات سے سمجھوتہ کرنے پر سخت غصہ میں ہے۔
انہوں نے حکومت پر خفیہ وفود اسرائیل بھیجنے اور غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں پر خاموشی اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا۔
انہوں جے دعوی کیا کہ حکومت کشمیریوں پر ظلم کرنے والی بھارتی حکومت کے ساتھ بھی تجارت کھولنے کے لئے بےچین ہے۔