جون 05 2020: (جنرل رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز کئے گئے فیصلے پر مثبت یوٹرن لے لیا ہے- پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز جن ملازمین کو فارغ کیا تھا آج ان کو بحال کر دیا گیا ہے
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 55ملازمین کو نوکری سے فارح کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جسے آج واپس لیتے ہوئے ملازمین کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے
پی سی بی زرائع کے مطابق 22 ملازمین پاکستان کرکٹ بورڈ میں مستقل بنیادوں پر کام کر رہے تھے جبکہ باقی 33 ملازمین کنٹریکٹ بیس پر تھے- کنٹریکٹ بیس والے ملازمین کی مدت ملازمت 30 جون کو ختم ہق رہی تھی جس میں 31 اکتوبر تک باقاعدہ توسیع کر دی گئی ہے- بورڈ زرائع نے بتایا ہے کہ مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین معمول کے مطابق ہی کام کرتے رہیں گے
زرائع پی سی بی نے بتایا کہ ان ملازمین کے ساتھ ساتھ گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈم کراچی میں کام کرنے والے 10 چھوٹے ملازمین کو بھی فارغ کیا گیا تھا جس پر پی سی بی پر کڑی تنقید کی جا رہی تھی- گزشتہ روز پی سی بی کے معطلی نوٹس کے بعد قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے رکن اقبال محمد علی نے یوں ملازمین کی برطرفی پر شدید افسوس کا اظہار کیا تھا اورساتھ ہی ساتھ اس معاملے میں عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا
اقبال محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو پی سی بی میں بیٹھ کر بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں ان کے لئے عملی طور پر یہ موقع تھا کہ وہ بڑے پن کا مظاہرہ کرتے- ایسا بھی ہو سکتا تھا کہ وہ اپنی تنخواہوں میں کٹوتیاں کر کے رضاکارانہ طور پر بورڈ کے سربراہ کے پاس جاتے لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا- تاہم آج پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملازمین کو نکالے جانے کا نوٹس واپس لے لیا گیا ہے
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کےپیش نظر پی سی بی کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا ہے- تاہم پی سی بی کے زرائع نے بتایا ہے کہ اضافی اور غیر فعال سٹاف کو فارغ کر دیا جائے گا لیکن اس پالیسیپر عمل درآمد ابھی نہیں بلکہ بعد میں ہو گا- کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے سے ملک میں بےروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے