پی اے سی کا نئے پیٹرول پمپ کھولنے پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے جمعرات کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کی جانب سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو آڈٹ ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تین دن میں اسے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے
کمیٹی نے نئے پیٹرول پمپس پر پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ ڈویژن کو پابندی اٹھانے اور تین دن میں کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کا اجلاس نور عالم خان کی سربراہی میں ہوا اور مالی سال 2019-20 کے لیے کابینہ ڈویژن اور اس سے منسلک محکموں اور مالی سال 2018-19 کے لیے پاور ڈویژن سے متعلق آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا۔
آڈٹ حکام نے شکایت کی کہ اوگرا، پی ٹی اے اور ایف اے بی ریکارڈ پیش کرنے سے انکاری ہیں۔ کمیٹی چیئرمین نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی اے، ایف اے بی، نیپرا اور اوگرا آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر سے آڈٹ کر رہے ہیں۔
تین دن میں ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت
آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اوگرا، نیپرا، پی ٹی اے اور ایف اے بی اے جی پی کو ریکارڈ نہیں دے رہے۔ نور عالم خان نے کہا کہ تمام ادارے ریکارڈ فراہم کرنے کے پابند ہیں اور پی ٹی اے، اوگرا اور ایف اے بی کو آئندہ تین روز میں ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نور عالم خان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کابینہ ڈویژن کمیٹی کے احکامات پر پوری طرح عمل درآمد نہیں کر رہی۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ کابینہ ڈویژن نے تمام ریگولیٹری اداروں کو لکھا ہے کہ وہ پی اے سی کی ہدایات پر ریکارڈ فراہم کرنے کے پابند ہیں۔
پی اے سی کے رکن سید طارق حسین نے ریمارکس دیے کہ کابینہ ڈویژن ایک ہفتے میں پی اے سی کی ہدایات پر عملدرآمد کرے۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے تمام ریگولیٹری اداروں کو تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی تاکہ آڈٹ بروقت ہو سکے۔
چیئرمین نیپرا نے کمیٹی کو بتایا کہ انہوں نے محکمے کا آڈٹ کرایا ہے۔ ڈپٹی آڈیٹر جنرل نے نیپرا سے پوچھا کہ انہوں نے ہائی کورٹ سے اسٹے کیوں لیا؟ چیئرمین نیپرا نے جواب دیا کہ مقصد سی پیک منصوبوں کی معلومات کو خفیہ رکھنا ہے۔ نور عالم نے چیئرمین سے سوال کیا کہ کیا آڈٹ حکام ملک دشمن ہیں؟۔
یہ بھی پڑھیں | ججز کو معاشرے کی نئی ضروریات کا علم ہونا چاہیے، چیف جسٹس
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت آپ ریکارڈ دینے کے پابند ہیں۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے کہا کہ نیپرا نے آڈیٹر جنرل کے اختیار کو چیلنج کیا تھا اور شامل کیا تھا کہ عدالت نے درخواست مسترد کر دی اور بعد میں انہوں نے دستاویزات کو خفیہ رکھنے کی درخواست کی۔
نور عالم خان نے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن سے کہا کہ وہ چیئرمین نیپرا کو فوری طور پر درخواست واپس لینے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست واپس لیں، بصورت دیگر معاملہ وزیر اعظم کو بھیج دیں۔
نور عالم خان نے نیب اور ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ نیپرا سے فوری طور پر ریکارڈ لے کر آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو پیش کریں۔