پاکستان سپر لیگ (PSL) ایک تاریخی مرحلے میں داخل ہو رہی ہے کیونکہ لیگ میں ٹیموں کی تعداد آٹھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے اُن 10 کمپنیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جو پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز خریدنے کے لیے نیلامی کے عمل میں اہل قرار پائی ہیں۔
نیلامی کا یہ عمل 8 جنوری کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ نئی فرنچائزز پی ایس ایل 11 کا حصہ ہوں گی جو 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کھیلا جائے گا۔
انویریکس (قابلِ تجدید توانائی)
انویریکس سولر انرجی پاکستان کی معروف قابلِ تجدید توانائی کمپنی اور پی ایس ایل کی سابقہ معاون نیلامی کے لیے اہل قرار پائی ہے اور فرنچائز حاصل کرنے کی خواہشمند ہے۔
او زی گروپ / او زی آئی ڈیولپرز (ریئل اسٹیٹ)
حمزہ مجید کی قیادت میں او زی گروپ ریئل اسٹیٹ اور ڈیولپمنٹ کے شعبے میں کام کرتا ہے اور کھیل و تفریح میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کر چکا ہے۔ اب یہ گروپ نیلامی کے عمل کا حصہ ہے۔
وی جی او ٹیل (ٹیکنالوجی)
کراچی میں قائم موبائل ٹیکنالوجی کمپنی وی جی او ٹیل جس کے سی ای او نوید گابا ہیں بھی اہل قرار پائی ہے۔ ان کی شمولیت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ پاکستانی ٹیک انڈسٹری پی ایس ایل کو سرمایہ کاری سمجھتی ہے۔
جاز (ٹیلی کام)
پاکستان کی بڑی ٹیلی کام کمپنیوں میں سے ایک اور پی ایس ایل کی شراکت دار جاز بھی نیلامی کی دوڑ میں شامل ہو گئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایس ایل بڑے کارپوریٹ برانڈز کو مسلسل اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔
ڈی ایس ایم ترین گروپ
کاروباری شخصیت علی خان ترین کی ملکیت میں موجود یہ گروپ جو ملتان سلطانز کا مالک رہ چکا ہے ایک بار پھر پی ایس ایل کی ملکیت میں واپسی اور لیگ میں مضبوط کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
آئی ٹو سی (فِن ٹیک)
آئی ٹو سی ایک عالمی فِن ٹیک پلیٹ فارم جو امریکہ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت عامر وائیں نے قائم کیا بولی دہندگان میں شامل ہے۔ اس شرکت سے پی ایس ایل پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔
ولی ٹیک (میڈیا اور فِن ٹیک)
ولی ٹیک ڈیجیٹل میڈیا اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرتی ہے۔ کمپنی پی ایس ایل کو ڈیجیٹل ترقی اور وسیع تر صارفین سے رابطے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔
پرزم ڈیولپرز + ایکسچینج آن (پراپرٹی اور ٹیک)
یہ شراکت داری ریئل اسٹیٹ مہارت کو ٹیکنالوجی جدت کے ساتھ یکجا کرتی ہے۔ ان کی شمولیت سے مختلف صنعتوں کے پی ایس ایل میں بڑھتے ہوئے دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔
کنگز مین گروپ (سرمایہ کاری)
کنگز مین گروپ ایک سرمایہ کاری کمپنی ہے جو پی ایس ایل فرنچائزز کو پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مارکیٹ میں قیمتی اثاثہ سمجھتی ہے۔
ایم نیکسٹ اِنک (ٹیکنالوجی اور جدت)
ایم نیکسٹ اِنک ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبے کی نمائندگی کرتی ہے اور پی ایس ایل ٹیم حاصل کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہے۔
آگے کیا ہوگا؟
8 جنوری کو ہونے والی نیلامی میں کمپنیوں کو پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے حقوق ملیں گے۔ اس کے بعد وہ پی سی بی کی فہرست میں شامل شہروں میں سے اپنے ہوم سٹی کا انتخاب کریں گی جن میں شامل ہیں:
راولپنڈی
فیصل آباد
حیدرآباد
سیالکوٹ
مظفرآباد
گلگت
پی ایس ایل 11 کی توسیع پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ کاروباری گروپس، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث پاکستان سپر لیگ کا مستقبل پہلے سے کہیں زیادہ روشن نظر آ رہا ہے۔






