پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 18 جون سے لاہور سے پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ یہ نئی ہفتہ وار پرواز مسافروں کے لیے زیادہ سہولت فراہم کرے گی خاص طور پر ان افراد کے لیے جو لاہور سے فرانس کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے پی آئی اے اسلام آباد سے پیرس کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلا رہی تھی۔ پی آئی اے کے مطابق اس نئی پرواز سے نہ صرف مسافروں کو آسانی ہوگی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری زب جعفر نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ پی آئی اے مارچ 2024 سے منافع میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایوان میں دیے گئے کچھ غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے قومی ایئر لائن کی ساکھ اور کاروبار کو نقصان پہنچا جس کے اثرات ملک کو بھی بھگتنا پڑے۔ تاہم اب حکومت کی کوششوں سے ادارہ بہتری کی طرف گامزن ہے۔
زب جعفر کے مطابق پی آئی اے نے یورپ میں پروازیں بحال کر دی ہیں جن میں پیرس بھی شامل ہے۔ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) سے کامیاب مذاکرات کے بعد یہ پروازیں ممکن ہوئیں۔ برطانیہ کے ایوی ایشن حکام سے بھی مذاکرات جاری ہیں تاکہ وہاں کی پروازیں بھی دوبارہ شروع کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ ترک ایئرلائن سے بھی بات چیت ہو رہی ہے تاکہ پاکستانی مسافروں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ حکومت پی آئی اے کے نیٹ ورک کو مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سمیت منافع بخش راستوں تک پھیلانے پر کام کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج آئندہ چند ماہ میں نمایاں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مسقط کے لیے پروازیں 10 جنوری سے شروع ہوں گی