پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 مئی سے نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔زرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر تک کی نمایاں کمی کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمتوں میں 9 روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی ہے جس کے بعد فی بیرل پیٹرول کی قیمت 6.32 تک آ گئی ہے۔ اسی طرح، ڈیزل کی عالمی قیمت 4.97 ڈالر فی بیرل تک کم ہو گئی ہے جو کہ مارکیٹ میں مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بتدریج کم ہو رہی ہیں۔
یکم مئی کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے کمی کی تھی جس کے بعد نئی قیمت 288 روپے 49 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت بھی 8.42 روپے فی لیٹر کم کر کے 281.96 روپے کر دی گئی ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران فروخت میں 11 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی 2024 تا اپریل 2024 کا پچھلے مالی سال کی اسی مدت کے ساتھ موازنہ کریں تو پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 13,970,000 ٹن سے کم ہو کر 12,443,000 ٹن رہ گئی ہے۔
اپریل کے اعداد و شمار بھی اسی طرح کی صورتحال بتاتے ہیں جس کی مجموعی فروخت بھی گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہو گئی ہے۔