پیٹرول کی قیمت مزید بڑھے گی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے آئندہ دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ حالیہ دنوں میں روپے کی قدر میں 14 سے 15 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباؤ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا جب کہ گیس کے نرخ بھی بڑھائے جائیں گے۔ شوکت ترین نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ملک میں مہنگائی کا طوفان لائے گا۔
شوکت ترین نے دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم حکومت صرف نیب قوانین کو تبدیل کرنے کے لیے اقتدار میں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | شہریوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو ناقابل برداشت قرار دے دیا
یہ بھی پڑھیں | روسی خام تیل کی درآمد اپریل میں شروع ہوگی: وزیر
حکومت کو عوام کی بالکل پرواہ نہیں
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس حکومت کو عوام کی بالکل پرواہ نہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 45 سے 50 فیصد تک اضافہ ہوگا اور اس مہنگائی سے عوام مزید متاثر ہوں گے۔
پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں تحلیل ہو چکی
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں۔ اب حکومت کو ملک میں عام انتخابات کروانے چاہئیں تاکہ مزید معاشی نقصان پر قابو پایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اتوار کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا۔