پیٹرول کی قیمتیں برقرار، ڈیزل میں 5 روپے کی کمی
حکومت نے اتوار کی رات ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں اگلے 15 دنوں کے لیے 5 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کی ہے جبکہ پیٹرول کی قیمتیں برقرار ہیں۔
پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار کی نصف شب کے بعد ہوا۔ اگلے 15 دنوں کے لیے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پچھلے پندرہ دن کی 293 روپے فی لیٹر کی قیمت کے مقابلے میں 288 روپے فی لیٹر پر فروخت کیا جائے گی۔ اسی طرح ایل ڈی او 164.68 روپے فی لیٹر پر فروخت کیا جائے گا جبکہ پرانی قیمت 174.68 روپے فی لیٹر ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی
حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ اب مٹی کا تیل 176.07 روپے فی لیٹر کی قیمت پر دستیاب ہے جبکہ پرانی قیمت 186.07 روپے فی لیٹر تھی۔
یہ بھی پڑھیں | رمیز راجہ نے شاہین اور حارث کو کیا مشورہ کیا؟
ہائی سپیڈ ڈیزل بڑے پیمانے پر ٹرانسپورٹ اور زراعت کے شعبوں میں استعمال ہوتا ہے۔ اس وقت خریف کی فصل کا سیزن چل رہا ہے اس لیے قیمت میں کمی کا کسانوں پر بہتر اثر پڑے گا۔
اگرچہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی توقع تھی لیکن موجودہ قیمت 282 روپے فی لیٹر برقرار رکھتے ہوئے کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ کا اعلان
مزید برآں، تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت نے 10مئی تک پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نا کی تو وہ بلا تاخیر 11 تاریخ کو اسلام آباد لانگ مارچ کے لئے نکلیں گے۔ ان کی اس دھمکی کے پیش نظر توقع کی جا رہی تھی کہ حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے گی تاہم ایسا نہیں ہوا ہے۔