پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ملک میں پیٹرول کی قیمت میں اگلے پندرہ دن تک کوئی تبدیلی نہیں کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایندھن کی قیمتوں سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ بین الاقوامی نرخوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں گزشتہ چند دنوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ 30 دنوں میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 35 اور 20 روپے کی کمی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی قیمتیں 30 جون تک لاگو رہیں گی۔
یاد رہے کہ 31 مئی کو گزشتہ پندرہ روزہ جائزے کے دوران وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے فی لیٹر تک کمی کی تھی۔ پٹرول 8 روپے کمی کے بعد 262 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 5 روپے کمی کے بعد 253 روپے فی لیٹر پر آگیا۔
حکومت کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسے پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے جبکہ ٹی ایل پی کا لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف رواں دواں جن کا ایک مطالبہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | چمن: فائرنگ کے تبادلے پر 4 دہشتگرد ہلاک