پاکستان کے صوبہ پنجاب میں آٹے کی سستی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان نے کچھ روز پہلے اپنے وزراء کو ہدایت کی تھی کہ ہر صورت میں آٹا چینی سمیت دیگر اشیائے ضرورت کی پرانی قیمتوں کو واپس لایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سینئیر وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت کی ایکس مل پرائس 837 روپے جبکہ ریٹیل پرائس 860 روپے ہے۔ یہ بیان انہوں نے لاہور سے جاری کیا ہے۔
انہوں نے ہر کہا کہ ہم نے صرف مصنوعی طور پر قیمتیں کم نہیں کیں بلکہ ہر ضلع میں قیمتوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہو رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ آٹا اپنی اصل قیمت میں ہی فروخت ہو۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک اس حوالے سے مکمل الرٹ ہے جبکہ دوسری طرف فلور ملوں سے بھی رابطے قائم کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ سستے آٹے کی فراہمی جاری رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ بھی سستے آٹے کی فراہمی کے لئے متحرک نظر آ رہی ہے جوں ہی کسی جانب سے بھی شکایت ملی تو فورا کاروائی کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنے وزراء کو سخت وارننگ دی تھی کہ وہ آٹا چینی سمیت دیگر اشیائے ضرورت کی قیمتوں کو واپس اپنی پرانی سطح پر لائیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ چاہے سبسڈی دیں یا ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں لیکن عوام کو ہر صورت میں آٹا چینی سمیت دیگر اشیائے ضرورت سستے داموں پہلے والی قیمتوں پر ملنی چاہیے۔