پنجاب حکومت کا جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر گزشتہ ہفتے وزیر آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ بدھ کو راولپنڈی سے ویڈیو لنک کے ذریعے پارلیمانی امور، تحفظ ماحولیات اور کوآپریٹو کے وزیر محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں | امریکہ پاکستان میں آئینی اور جمہوری پرامن اقدار کی حمایت کرتا ہے
یہ بھی پڑھیں | نادرا شناختی کارڈ کا آن لائن سٹیٹس کیسے چیک کریں؟
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و داخلہ عمر سرفراز چیمہ، پنجاب کے قائم مقام چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل اور دیگر متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی۔ کابینہ کی باڈی نے جمعرات سے شروع ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب نے پولیس کے وضع کردہ سکیورٹی پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جے آئی ٹی کی قیادت ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ہائی وے پٹرول پنجاب ریاض نذیر گرہ کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں متعلقہ سکیورٹی اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔