پنجاب حکومت کا رمضان ریلیف پیکج کا اعلان
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سوموار کو اپنے دفتر میں صوبائی کابینہ کے 10ویں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے پاکستان کے سب سے بڑے اور منفرد رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
کابینہ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو مفت گندم کی فراہمی کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
مفت آٹے کی تقسیم
خصوصی رمضان ریلیف پیکج کے تحت کابینہ نے 60 ہزار روپے سے کم آمدنی والے خاندانوں کو گندم کے آٹے کے تھیلے مفت فراہم کرنے کے پروگرام کی منظوری دی ہے۔
شناختی کارڈ والے خاندانوں کو ماہ رمضان میں 10 کلو آٹے کے تین تھیلے مفت ملیں گے۔
تقریباً 15.8 ملین خاندان اور 100 ملین افراد مفت گندم کے آٹے کے پیکیج سے مستفید ہوں گے۔ پنجاب کی تقریباً 90 فیصد آبادی مفت گندم کے آٹے کے پیکیج سے مستفید ہو گی جو مخصوص گروسری اسٹورز، ٹرکنگ پوائنٹس اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب ہوگا۔ مفت گندم کی تقسیم 25 شعبان سے شروع ہوگی اور 25 رمضان تک جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں سٹورز اور ٹرکنگ پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور بڑے سٹورز کو اس مقصد کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی ہے
یہ بھی پڑھیں | چائنہ خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان سمٹ کا انعقاد کرے گا، رپورٹ
مفت تقسیم کے لئے سافٹویئر تیار
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے گندم کے آٹے کے تھیلوں کی مفت تقسیم کے لیے سافٹ ویئر تیار کر لیا ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خاندان مفت آٹے کا خصوصی پیکج حاصل کر سکیں گے جبکہ غیر رجسٹرڈ خاندان مفت آٹا حاصل کر سکیں گے۔
کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں اس پروگرام کی نگرانی کریں گے۔ ریلیف پیکج کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور انتظامی مشینری اس نیک کام کی کامیابی کے لیے میدان میں موجود ہوں گے اور اس بات پر زور دیا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے سب کو آدھی رات تک کام کرنا ہو گا۔
سیکرٹری خوراک نے پیکج کی نمایاں خصوصیات کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر جمال ناصر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔