پشاور چیک پوسٹ پر حملہ، دو پولیس اہلکار شہید
آج جمعرات کو پشاور میں ایک چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کی فائرنگ سے کم از کم دو پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں نے چیک پوسٹ قائم کی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی پولیس اہلکاروں کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ باقی دو زیر علاج ہیں۔
خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ترجمان سجاد خان نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل واجد اور ڈرائیور فرمان کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں کی شناخت فیروز اور سیارز کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں | وزیراعظم آج اسلام آباد میں آئی ٹی منصوبوں کا آغاز کریں گے
اس سال کے شروع میں مئی میں خیبر پولیس لائنز کے قریب مبینہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس وقت خیبرپختونخواہ پولیس نے تصدیق کی تھی کہ واقعے میں دو دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اور ایک لائن آفیسر شامل ہیں۔