پشاور زلمی کے باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے تسلیم کیا ہے کہ نوجوان اوپنر صائم ایوب کو انجری کے بعد فوراً پی ایس ایل 10 کے میدان میں اتارنا ایک غلط فیصلہ تھا۔
صائم ایوب نے پی ایس ایل 10 میں زبردست آغاز کرتے ہوئے اپنی پہلی ہی اننگز میں نصف سنچری اسکور کی لیکن اس کے بعد ان کی فارم خراب ہو گئی ہے اور وہ مسلسل اچھی کارکردگی نہیں کھا پارہے ۔ اس وقت پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔
مشتاق احمد نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہےکہ صائم کو مکمل طور پر میچ فٹ ہونے کے لیے مزید وقت اور پریکٹس میچز کی ضرورت تھی۔
مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ:
> ’’نیٹ پر پریکٹس کافی نہیں ہوتی جب کوئی کھلاڑی انجری کے بعد واپس آ رہا ہو۔ اسے اصل میچز میں کھیل کر دوبارہ ردھم پکڑنے کی ضرورت تھی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ کوچنگ اسٹاف کو چاہیے تھا کہ وہ صائم کے لیے کچھ کم دباؤ والے کلب یا پریکٹس میچز کا بندوبست کرتے تاکہ وہ آسانی سے کھیل میں واپس آتا مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ صائم ایوب کو پاکستان ٹیم کے جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران ٹخنے کی انجری ہوئی تھی۔ ڈاکٹروں نے چھ ماہ آرام کا مشورہ دیا تھا اور وہ بحالی علاج کے لیے برطانیہ بھیجے گئے تھے۔ اسی انجری کے باعث وہ دو اہم سیریز، چیمپئنز ٹرافی 2025 اور نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں شریک نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں : PSL 10 لائیو اسٹریمنگ گائیڈ