پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر مل گئے
منگل کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کے بعد ڈوبتی معیشت کے لیے ایک اور خوشخبری ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اس سے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی جانب سے میں مملکت سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی رقم جمع کروائی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی مالی معاونت کو یقینی بنانے پر سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ یہ ڈپازٹ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرے گا۔
یہ ہمارے برادر ممالک اور عالمی برادری کے پاکستان کی معاشی تبدیلی پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے تمام ضروری کوششیں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے اس سلسلے میں کاوشوں پر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو بھی سراہا۔ سعودی عرب نے پہلے ہی پاکستان کو رقم دینے کا وعدہ کر رکھا تھا اور اسے جمع کرنے سے پہلے آئی ایم ایف کی جانب سے کی جانے والی ڈیل کا انتظار تھا۔
آئی ایم اجلاس 12 جولائی کو ہو گا
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 12 جولائی کو ہوگا جس میں پاکستان کے لیے 3 بلین ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا جائزہ لیا جائے گا جس کے لیے اسٹاف کی سطح کے معاہدے کو گزشتہ ہفتے حتمی شکل دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں | سی پیک منصوبوں میں 25 بلین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی
پاکستان جون میں جاری کیے گئے پہلے شیڈول سے غیر حاضر تھا جس سے یہ قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ آئی ایم ایف 30 جون کو ختم ہونے والے پہلے پروگرام سے فنڈز جاری نہیں کرے گا۔ بورڈ کی منظوری عام طور پر عملے کی سطح کا معاہدہ ہونے کے بعد دی جاتی ہے۔
حکومت پاکستان آئی ایم ایف سے تقریباً 2.5 بلین ڈالر کی توقع کر رہی تھی لیکن اسے 3 بلین ڈالر دیے گئے۔ پاکستان نے اس سے قبل 11 فہرست میں سے 8 پروگرام کے جائزوں کو کلیئر کیا تھا جبکہ نواں جائزہ گزشتہ سال نومبر سے زیر التوا تھا۔