صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے پہلا سیٹلائٹ مشن چاند پر روانہ ہونے پر قوم اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الگ الگ جاری کردہ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کی کور کمیٹی اور اس کے ارکان کو منصوبے میں حصہ لینے والے طلباء کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ مشن کا کامیاب لانچ پاکستان کے خلائی پروگرام میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ پوری قوم خلائی ٹیکنالوجی میں اس اہم کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان کو ابھی اس شعبے میں مزید سنگ میل حاصل کرنے ہیں۔
صدر آصف علئ زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے اور سائنسدان اپنی مزید محنت، لگن اور منصوبہ بندی کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی اب سرحدوں سے نکل کر خلا تک پہنچ چکی ہے۔
پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ مشن کے چاند پر پہنچنے کو بڑا قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوہری میدان میں ملک کے سائنسدان، انجینئرز اور ماہرین خلائی ٹیکنالوجی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ اس کامیابی سے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی سائنسی تحقیق، اقتصادی ترقی اور قومی سلامتی کے لیے نئی راہیں کھولنے کے ساتھ ساتھ سیٹلائٹ کمیونیکیشن میں پاکستان کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دے گی۔
ہمارے وطن کے بیٹوں نے ثابت کیا ہے کہ ان کے پاس خلا کو تلاش کرنے کی صلاحیت، جذبہ اور مہارت ہے۔