پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ آئی کیوب قمر نے چاند کے مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچ کر ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے یہ ایک تاریخی کامیابی ہے۔
آئی کیوب قمر کو 3 مئی کو چین کے چینگ 6 شٹل کے زریعے چاند کے مدار میں لانچ کیا گیا تھا۔
سپارکو ترجمان کے مطابق، اپنے مقرر کردہ مدار تک پہنچنے کے بعد آئی کیوب قمر نے ڈیزائن کے مطابق اپنا کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
سیٹلائٹ کے تمام ذیلی نظاموں کا ڈیٹا مبینہ طور پر بہترین نتائج فراہم کر رہا ہے جو کہ سیٹلائٹ کے امیجنگ پے لوڈ کے کامیاب کام کی نشاندہی کرتا ہے۔
آئی کیوب قمر پراجیکٹ کے پیچھے بنیادی ٹیم چین کے کنٹرول سینٹر میں سیٹلائٹ کی چاند کے مدار میں آمد کی نگرانی کے لیے موجود تھی۔
سپارکو نے اندازہ لگایا ہے کہ آئی کیوب قمر 16 مئی کو چاند سے اپنی پہلی تصویر نشر کر سکے گا۔ اگلے سات دنوں میں، سیٹلائٹ کے کنٹرول سب سسٹمز کی مکمل تصدیق کی جائے گی اور اس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ اس مشن کو چین کی ہینان خلائی سائٹ سے لانچ کیا گیا۔
تقریباً 7 کلو گرام وزنی اس سیٹلائٹ کو اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے دو سالوں میں تیار کیا ہے۔
سیٹلائٹ کی لانچنگ آئی ایس ٹی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے براہ راست ٹیلی کاسٹ کی گئی۔
مشن کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان چاند پر جانے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے۔