پاکستان نے ٹی ٹی پی پر ثالثی کی پیشکش مسترد کر دی
پاکستان نے جمعرات کو تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ امن مذاکرات پر ثالثی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سابقہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسے افراد سے بات چیت نہیں کرے گا جو پاکستانی شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔
ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے بیان کے حوالے سے سوالات کا جواب دے رہی تھیں جنہوں نے حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغان عبوری حکومت پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرے کے حوالے سے مسلسل مصروفیات اور بات چیت میں ہیں۔ پاکستان نے واضح طور پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یہ ایک جاری عمل ہے اور ہمیں امید ہے کہ دہشت گردی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ افغانستان سے دہشت گردی کا خطرہ پاکستانی عوام، پاکستانی شہریوں اور پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالے۔
یہ بھی پڑھیں | لال مسجد کے امام پر پولیس پر فائرنگ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج
یونان سانحے میں زندہ بچ جانے افراد میں 12 پاکستانی
یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں پاکستانیوں کے جانی نقصان پر ترجمان نے کہا کہ زندہ بچ جانے والے 104 افراد میں 12 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جن کی حالت بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونانی حکام نے 82 لاشیں برآمد کی ہیں تاہم ہلاک اور لاپتہ ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور ان کی شناخت فی الحال غیر مصدقہ ہے۔
متعلقہ حکام نے جہاز پر مشتبہ افراد کے اہل خانہ سے ڈی این اے کے نمونے جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونان میں پاکستان کے سفیر عامر آفتاب اور ان کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی بازیابی اور شناخت کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔