متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کال کی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے متعدد صوبوں میں سیلاب اور طوفانی بارشوں کے متاثرین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور بے گھر ہونے والوں کی اپنے علاقوں میں جلد واپسی کی دعا کی۔ انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ پاکستان کی حفاظت کرے۔
گفتگو کے دوران، شیخ محمد بن زاید نے ان مشکل موسمی حالات کے اثرات کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی یکجہتی اور اسے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی خواہش پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا پاکستان کے لئے فوری ریلیف اور انسانی امداد بھیجنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انسانی امداد بھیجنے کا حکم دیا ہے۔