پاکستان ریلوے نے تمام مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق (آج) جمعہ سے ہوگا۔ اس سلسلے میں جمعرات کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، آؤٹ سورس سروسز سمیت تمام میل، ایکسپریس، انٹرسٹی اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں ایک فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کرایہ کو معقول بنانا ضروری تھا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام مال بردار اور گڈز ٹرینوں کے کرایوں میں دو فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیشنوں، بکنگ دفاتر، ریزرویشن دفاتر اور متعلقہ عملے کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 11 جون کو پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ 2024 کے تہواروں کے دوران مسافروں کی سہولت کے لیے ٹرین کے کرایوں میں 25 فیصد کمی کی تھی۔
نغیر ٹکٹ کے سفر کرنے والے مسافروں سے 76 ملین وصول
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان ریلوے نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ریلوے پولیس اور ٹرین کے عملے کی مدد سے کریک ڈاؤن کے دوران بغیر ٹکٹ کے سفر کرنے والے مسافروں سے 76 ملین روپے سے زائد کی رقم وصول کی ہے۔
پاکستان ریلویز کے ذرائع نے بتایا کہ تقریباً 59,143 مسافر مختلف ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ کے سفر کرتے ہوئے پائے گئے اور ان سے مذکورہ رقم وصول کی گئی، جو محکمہ کے سرکاری بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بغیر ٹکٹ والے مسافروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے کریک ڈاؤن روزانہ ہوتے رہتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنا غیر قانونی ہے اور جو لوگ بغیر ٹکٹ پکڑے گئے ان سے جرمانے کے علاوہ ٹرین کے پورے سفر کے لیے ٹکٹ کی قیمت وصول کی گئی۔
ادائیگی نہ کرنے والوں کو ریلوے پولیس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔