اوسلو: پاکستان اور ناروے نے اوسلو میں منعقدہ 13ویں دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوران دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری برائے یورپ، سفیر شفقات علی خان نے کی، جبکہ ناروے کی جانب سے وزارت خارجہ کی ریجنل امور کی ڈائریکٹر جنرل، سفیر سگنے بروڈسیٹ نے قیادت کی۔
دونوں ممالک نے توانائی، آئی ٹی، ماہی گیری، سمندری شعبہ، ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم، صحت اور پارلیمانی تبادلوں جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، ناروے میں مقیم پاکستانی نژاد کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دونوں فریقین نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اگلی دوطرفہ سیاسی مشاورت آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ناروے نے 2024 میں اپنی سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی، جس کے دوران دونوں ممالک نے تعلیم، ماحولیات، انسانی حقوق اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔