پاکستانی عازمین حج کو منیٰ میں مشکلات کا سامنا ہے اور جگہ نہ ملنے کی شکایات ہیں۔
دنیا بھر سے 20 لاکھ عازمینِ حج مناسک حج کے پہلے مرحلے میں منیٰ پہنچ گئے۔ تاہم منیٰ کے مکتب نمبر 253، 257 اور 267 میں موجود پاکستانی عازمینِ حج کو مشکلات کا سامنا ہے۔
عازمین حج کا کہنا ہے کہ خیموں کے اندر جگہ نہیں ہے، دھوپ میں بستر لگا کر گزارا کرنا پڑ رہا ہے، مکتب میں کوئی مدد کرنے والا نہیں، نہ وزارت کا کوئی نمائندہ بات کرنے کو تیار ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیموں میں جگہ ہے لیکن لوگ جگہ گھیر کر بیٹھتے ہیں، بعد میں آنے والے چاہتے ہیں انہیں نیا خیمہ ملے ، عازمینِ حج ڈھیروں سامان لے کر آتے ہیں ، ہدایات پر بھی عمل نہیں کرتے۔
اس حوالے سے وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے کہا ہے کہ منیٰ میں عازمین کے معاملات سعودی وزارت حج دیکھتی ہے، ہمارا کام عازمین کو درپیش شکایات کوسعودی وزارت حج تک پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ منیٰ میں 2400 کے قریب عازمین کودرپیش مشکلات سے سعودی وزارت حج کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں۔
دوسری جانب عازمین حج نے نماز عصر، مغرب، عشاء بھی منیٰ میں ادا کی۔ عازمین حج آج شب نوافل کی ادائیگی، تلاوت قرآن، توبہ استغفار اور دعاؤں میں مصروف رہیں گے۔
عازمین 9 ذی الحج کی صبح حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے عرفات روانہ ہونگے، عازمین عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے، نماز ظہر وعصر قصرکے ساتھ ادا کرینگے۔