پاکستان کے مایہ ناز باکسر عثمان وزیر نے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہونے والے ایک اہم انٹرنیشنل رینکنگ مقابلے میں بھارتی باکسر ایس. ایشورَن کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا ہے۔ صرف 1 منٹ 41 سیکنڈ میں یہ مقابلہ ختم ہو گیا اور عثمان نے ایک اور زبردست فتح اپنے نام کرلی ہے۔
عثمان وزیر جنہیں ‘ایشیئن بوائے’ کے لقب سے جانا جاتا ہے نے مقابلے کے آغاز ہی سے اپنی برتری ظاہر کر دی تھی۔
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عثمان نے بھارتی باکسر کو پہلے راؤنڈ میں دو بار گرا دیا جس کے بعد ریفری کو مقابلہ ختم کرنا پڑا۔
یہ عثمان کی پے در پے 16ویں جیت ہے اور ان کا پروفیشنل ریکارڈ اب 16-0 ہو چکا ہے۔ اس کامیابی نے نہ صرف انہیں بین الاقوامی سطح پر مزید مضبوط مقام دیا ہے بلکہ پاکستانی عوام کے لیے بھی خوشی کی خبر ثابت ہوئی ہے۔
مقابلے سے قبل عثمان نے کہا تھا:
جیسے پہلے بھی کیا،اس بار بھی میں یہ جیت پاکستان کے نام کروں گا۔ پوری قوم سے دعا کی درخواست ہے۔
یہ مقابلہ بینکاک کے ورلڈ سیام اسٹیڈیم میں ہوا جہاں مجموعی طور پر 15 فائٹس رکھی گئی تھیں اور عثمان کی فائٹ نمبر 13 تھی۔ اگرچہ یہ لڑائی پاکستان کے وقت کے مطابق شام 3 بجے طے تھی لیکن پہلے میچز جلد ختم ہونے کی وجہ سے اس کا وقت قدرے پہلے کر دیا گیا۔
عثمان وزیر کی شاندار کارکردگی اس رات کی سب سے نمایاں خبر ہے اور ایک بار پھر انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ایشیا کے ٹاپ باکسرز میں سے ایک ہیں۔