آج دنیا بھر میں عالمی یوم اساتذہ منایا جا رہا ہے جس کا مقصد اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور ان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ اس سال کا موضوع “اساتذہ کی آوازوں کی قدر: تعلیم کے لیے نیا معاشرتی معاہدہ” ہے، جس کا مقصد اساتذہ کے خیالات اور تجاویز کو تعلیمی پالیسی سازی میں شامل کرنا ہے۔
اساتذہ کو معاشرے میں ایک روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے کیونکہ وہ بچوں کی ذہنی نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ والدین بچوں کی پرورش کے ذمہ دار ہوتے ہیں، جبکہ اساتذہ ان کی تربیت اور تعلیم کو مؤثر طریقے سے پروان چڑھانے میں مدد کرتے ہیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں اساتذہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔ ماہر تعلیم پروفیسر طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راز معیاری تعلیم میں مضمر ہے، اور اساتذہ اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ دن ہر سال 5 اکتوبر کو منایا جاتا ہے تاکہ اساتذہ کے معاشرتی اور تعلیمی کردار کو سراہا جا سکے۔