پاکستان میں ٹیکس فوائد حاصل کرنے اور ٹیکس قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (ATL) میں شامل ہوں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو ٹیکس میں رعایتیں ملیں اور آپ کو غیر ضروری مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے تو آپ کو وقتاً فوقتاً اپنی فائلر حیثیت چیک کرتے رہنا چاہیے۔
اپنی فائلر حیثیت چیک کرنے کے 4 طریقے
1. ایف بی آر کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن تصدیق
ایف بی آر کی آفیشل ویب سائٹ پر جائیں اور "Online Verification Services” کے تحت IRIS پورٹل میں داخل ہوں۔ وہاں آپ کو NTN، CNIC یا پاسپورٹ نمبر درج کرکے متعلقہ پیرامیٹر منتخب کرنا ہوگا۔ پھر کیپچا مکمل کریں اور اپنی فائلر حیثیت معلوم کریں۔
2. ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق
اگر آپ جلدی اپنی فائلر حیثیت جاننا چاہتے ہیں تو اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل CNIC نمبر درج کریں اور اسے اس فارمیٹ میں 9966 پر ایس ایم ایس کریں:
ATL [space] CNIC نمبر
کچھ ہی لمحوں میں آپ کو ایک جوابی میسج موصول ہوگا جس میں آپ کی فائلر حیثیت درج ہوگی۔
3. ایف بی آر ٹیکس آسان موبائل ایپ
ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لیے Tax Asaan ایپ متعارف کرائی ہے۔ آپ اسے گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے آپ اپنا NTN، CNIC یا پاسپورٹ نمبر درج کرکے اپنی ATL حیثیت معلوم کر سکتے ہیں۔
4. ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ ڈاؤن لوڈ کرنا
ایف بی آر ہر ہفتے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (ATL) Excel فارمیٹ میں شائع کرتا ہے اور ہر سال مارچ کی پہلی تاریخ کو اس کی مکمل فہرست اپڈیٹ کی جاتی ہے۔ آپ اس فہرست کو ایف بی آر کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے نام یا رجسٹریشن نمبر کے ذریعے اپنی حیثیت کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
ایف بی آر کی ATL لسٹ میں شامل رہنے سے نہ صرف آپ قانونی فوائد حاصل کرتے ہیں بلکہ مختلف ٹیکس رعایتیں بھی آپ کے لیے دستیاب ہوتی ہیں۔ اگر آپ فائلر نہیں ہیں تو جلد از جلد رجسٹریشن کروائیں اور پاکستان کے ٹیکس نظام کا حصہ بنیں تاکہ مالی فوائد اور قانونی تحفظ سے مستفید ہو سکیں۔