نیوزی لینڈ کے ون ڈے اسکواڈ کے کپتان ٹام لیتھم ہاتھ کی چوٹ کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ لیتھم کو پریکٹس سیشن کے دوران چوٹ لگی تھی جس کی ایکسرے سے تصدیق ہوئی ہے اس کے باعث وہ سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ان کی غیر موجودگی میں مائیکل بریسویل ٹیم کی کپتانی کریں گے جیسے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کی تھی۔
مچ ہے وکٹ کیپر کے طور پر لیتھم کی جگہ سنبھالیں گے۔
ول ینگ صرف پہلا میچ نیپئر میں کھیلیں گے اس کے بعد وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے ٹیم سے الگ ہو جائیں گے کیونکہ وہ دونوں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں ریس ماریوجو کہ ایک باصلاحیت 23 سالہ بلے باز ہیں اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں 61.73 کی اوسط رکھتے ہیں انہیں پہلی بار نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے اسکواڈ میں ہونے والی تبدیلیوں کو چیلنج قرار دیا ہے لیکن ساتھ ہی اسے نئے کھلاڑیوں کے لیے موقع بھی قرار دیاہے۔
> "اس دورے میں ہمیں کئی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ میں تبدیلی کرنی پڑی ہے۔ لیکن ریس ماریو کو پہلی بار ٹیم میں شامل کرنا اور ہنری کو واپس لانا خوش آئند ہے۔ ہنری انجری کے بعد اچھی حالت میں واپس آئے ہیں اور اپنی مہارت اور تجربے سے ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔”
انہوں نے ٹام کی انجری پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ بریسویل کی قیادت پر اعتماد ظاہر کیاہے ۔
> "سیریز سے قبل ٹام کا باہر ہونا مایوس کن ہے اور ہم ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ لیکن مائیکل نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین قیادت کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ون ڈے سیریز میں بھی اچھا کام کریں گے۔”
آخر میں اسٹیڈ نے ول ینگ اور ان کی اہلیہ ایلز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جو جلد ہی والدین بننے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی اسکواڈ برائے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025