وزیراعظم پاکستان کے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے پاکستان میں طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی ایک اہم تعلیمی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ڈیجیٹل تعلیم مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کا بہترین حل ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر کے اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں زیرِ تعلیم 7 لاکھ طلبہ کو گوگل کروم بکس فراہم کیے جائیں گے۔
رانا مشہود نے بتایا کہ یہ ڈیوائسز ٹی آئی ایف فاؤنڈیشن لاہور کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں جس سے آن لائن تعلیم کو فروغ ملے گا اور جدید تعلیمی ٹولز تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔
چیئرمین کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے کروم بکس کی تقسیم مرحلہ وار کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور طلبہ تک سہولت پہنچے۔
کروم بکس کے استعمال اور تعلیمی نتائج کی نگرانی قومی مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی جس سے کلاس روم اور ریموٹ تعلیم دونوں کو مؤثر بنایا جا سکے گا۔
رانا مشہود نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ شہری اور دیہی علاقوں کے طلبہ کے درمیان ڈیجیٹل فرق کو کم کرنے میں مدد دے گا۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ بھی اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی بدولت تعلیم اور اسکل ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
اپنے اختتامی کلمات میں رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کروم بکس کی فراہمی پاکستان میں تعلیم کو جدید بنانے اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے حکومت کی سرمایہ کاری ہے۔






